نئی دہلی:10 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر نتین گڈکری نے اتوار کو کہا کہ وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار بننے کی ان کی نہ تو کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی آر ایس ایس کی انہیں امیدوار کے طور پر پیش کرنے کا کوئی ارادہ ہے ۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں منتشر مینڈیٹ آنے کی صورت میں بی جے پی کی طرف سے گڈکری کو وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کو لے کر لگ رہیں قیاس آرائی کے درمیان پارٹی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ وہ دوڑ میں نہیں ہیں اور انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کا واضح مقصد ’ انتھک کام ‘ کرنا ہے۔ گڈکری نے کہا کہ میں نے نہ تو سیاست اور نہ ہی کام میں کوئی حساب کتاب کیا، کبھی کوئی ہدف طے نہیں کیا۔بی جے پی کی جانب سے انہیں وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار بنائے جانے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے گڈکری نے واضح کیا کہ نہ تو میرے دماغ میں ایسا کچھ ہے اور نہ ہی آر ایس ایس کا کوئی ایسا ارادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں خواب نہیں دیکھتا، نہ تو میں کسی کے پاس جاتا ہوں اور نہ ہی لابنگ کرتا ہوں۔